کولکتہ ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتابنرجی نے کہا ہیکہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی طرف رابرٹ وڈرا اور ان کی والدہ سوریا کی کسی مبینہ اراضی اسکام کی تحقیقات کے ضمن میں پوچھ گچھ کیلئے طلبی لوک سبھا انتخابات سے قبل سیاسی انتقام کے سواء اور کچھ نہیں ہے۔ وڈرا جو کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے بہنوائی ہیں راجستھان کے سرحدی ضلع بیگانیہ میں اراضی کے اسکام کی تحقیقات کے ضمن میں پوچھ گچھ کیلئے اپنی والدہ کے ساتھ جئے پور کے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ آفس میں حاضر ہوئے ہیں۔ ممتابنرجی نے دہلی روانگی کیلئے کولکتہ ایرپورٹ پہنچنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہی تھیں۔ وہ 13 فبروری کو عام آمدی پارٹی کی طرف سے منعقد کی جانے والی غیربی جے پی قائدین کی بڑی ریالی میں حصہ لیں گے۔ ممتابنرجی نے جو آئندہ انتخابات کے بعد وزارت عظمیٰ کیلئے غیر بی جے پی امیدواروں میں ایک اہم امیدوار سمجھی جاتی ہیں، کہا کہ ’موجودہ مودی حکومت کی مدت کی آخری تاریخ (ایکسپاری ڈیٹ) گذر چکی ہے۔ پندرہ دن میں انتخابی شیڈول کا اعلان ہوجائے گا۔ بی جے پی کو معلوم ہوچکا ہیکہ وہ دوبارہ برسراقتدار نہیں آئے گی اور اب ہر طرف یہی (پوچھ گچھ) ہورہا ہے۔