اوریا: کانپور سانحہ کے کلید ملزم وکاس دوبے کو ‘حقیقی دہشت گرد’قرار دیتے ہوئے مرکزی ایس سی/ایس ٹی کمیشن کے چیئرمین و رکن پارلیمان رام شنکر کٹھیریا نے جمعہ کو یہاں کہا کہ وکاس نے بچپن سے ہی مجرمانہ زندگی بسر کی ہے ۔اس کے مارے جانے سے پولیس کا حوصلہ بڑھا ہے ۔مسٹر کٹھیریا نے جمعہ کو ضلع کے روروکلاں گاؤں میں شہید سپاہی راہل کو خراج عقیدت واہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے بعد کہا کہ پا نچ لاکھ روپئے کے انعامی بدمعاش کے انکاونٹر کے بعد شہید کے اہل خانہ کو بھی سکون ملا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وکاس کے کچھ ساتھ مارے گئے اور جو بچ گئے ہیں وہ بھی کسی صورت سامنے آجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شاطر ملزم کل مدھیہ پردیش پولیس کے ذریعہ اجین سے گرفتار کیا گیا تھا۔اور آج صبح اسے جس کار سے کانپور لایا جارہا تھا اس کے بھونتی کے نزدیک حادثہ شکار ہونے پر وہ پولیس سے پستول چھین کر فرار ہونے کی کوشش میں پولیس کے ہاتھوں مارا گیا۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اس کے لئے اترپردیش اور مدھیہ پردیش کی پولیس مبارک باد کی مستحق ہے ۔ اس سے جہاں یوپی کی پولیس کے حوصلے میں اضافہ ہوا وہیں شہید پولیس افسران و ملازمین کے اہل خانہ کو سکون ملا ہے ۔ اس سے جرائم پیشہ افراد میں ایک پیغام بھی گیا ہے کہ جرم کی سزا موت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ آگے ایسے واقعات پیش نہیں آئیں گے ۔