کانپور ۔ ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کی موت کے بعد کانپور انکاؤنٹر کے تعلق سے ایک نئی بات سامنے آئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وکاس دوبے کے خلاف پولس میں شکایت کرنے والا شخص لاپتہ ہے اور اس کی تلاش میں یو پی پولس زور و شور سے جٹ گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راہل تیواری نامی شخص نے وکاس دوبے کے خلاف پولس میں ایف آئی آر درج کرائی تھی اور اسی کی بنیاد پر 3-2 جولائی کی درمیانی شب پولس ٹیم وکاس دوبے کو پکڑنے کانپور واقع بکرو گاؤں پہنچی تھی۔ایک ہندی نیوز پورٹل پر شائع رپورٹ کے مطابق راہل تیواری کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ وہ پچھلے کچھ دنوں سے لاپتہ ہے اور گھر کے کسی رکن سے اس کی کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ پولس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ راہل تیواری شکایت کنندہ ہونے کے علاوہ وکاس دوبے سے جڑے معاملوں میں اہم گواہ بھی ہے۔ کانپور کے سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ دنیش کمار نے بتایا کہ راہل کی جان کو خطرہ ہے اس لیے ڈپٹی ایس پی سکرم پرکاش کی قیادت میں ایک ٹیم لاپتہ راہل تیواری کی تلاش میں لگ گئی ہے۔بعض میڈیارپوٹس کے مطابق،دوبے نے آخری بار 2جولائی کو اپنی ماں سے بات کی تھی،پھراسکے بعد اس سے رابطہ نہں ہوا۔
