وکاس دوبے کی تلاشی و گرفتاری مہم کانپور پولیس سرحد پرسرگرم

   

کانپور: اترپردیش کے ضلع کانپور کے چوبے پور علاقے میں 8پولیس اہلکار کے بہیمانہ قتل کے کلیدی ملزم وکاس دوبے اور اس کے ساتھیوں کی تلاشی و گرفتاری مہم طویل تر ہوتی جارہی ہے ۔آج پانچ دن گذر جانے کے بعد بھی دوبے کے سلسلے میں پولیس کو کوئی سراغ نہیں ملا ہے ۔پانچ دنوں کے اندر عام ہسٹری شیٹر سے انتہائی مطلوب ملزم بن چکے وکاس دوبے اور اس کے شاطر ساتھیوں کی تلاش میں مشغول یوپی پولیس کی جانچ جیسے جیسے آگے بڑھ رہی ہے اس کے کالے کرتوت اور حرکتوں کی داستاں کھل کر سامنے آنے لگی ہے ۔یو پی پولیس ریاست اور نیپال کی سرحد پر چوکس ہے ۔ اندیشہ ہے کہ وہ سرحد پار کرنے کی کوشش کرے گا ۔پولیس کے مطابق وکاس کے خوف سے علاقے کے لوگ جہاں اس کے خلاف منھ کھولنے سے ڈرتے ہیں وہیں پولیس اہلکار پر بھی رعب جھاڑنے میں وہ پیچھے نہیں رہا ہے ۔اپنے جرائم کو چھپانے کے لئے سیاست کا سہارا لینے والا وکاس دوبے سپاہی سے لے کر داروغہ تک سب پر ہاتھ ڈالنے میں ذرا بھی تامل نہیں کرتا تھا۔