نئی دہلی : دیسی ساختہ طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت کے دوسرے مرحلے کی سمندری آزمائشیں آج سے شروع ہو گئی ۔ وکرانت ملک کا پہلا مقامی طیارہ بردار بحری جہاز ہے اور اس کے پہلے مرحلے کی سمندری آزمائش اس سال اگست میں کی گئی تھی، جو مکمل طور پر کامیاب رہی تھی ۔ تقریباً پانچ دن تک جاری رہنے والے یہ ٹرائل ہیلی کاپٹر آپریشن کے ساتھ کیے گئے ۔اگر دوسرے مرحلے کی سمندری آزمائشیں بھی کامیاب رہتی ہے ، تو وکرانت کو تیسرے مرحلے کی آزمائشوں کے لیے آئندہ دسمبر میں سمندر میں اتارے جانے کا منصوبہ ہے ۔ دوسرے مرحلے کی آزمائش کے دوران طیارہ بردار جہاز سے جنگی طیاروں کا آپریشن کئے جانے کا امکان ہے ۔ آئی این ایس وکرانت کے حوالے سے پہلے سے طے شدہ منصوبے پورے یوتے رہے تو اس سے اگلے سال کی دوسری سہ ماہی میں بحریہ کو سونپے جانے اور اگست میں کمیشن کیے جانے کا امکان ہے ۔ آئی این ایس وکرانت کا ڈیزائن نیوی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے تیارکیا ہے اور کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ نے بنایا ہے ۔
