بنگلورو۔9ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چندریان۔II کا لینڈر ’وکرم‘ابھی شکستہ نہیں ہوا ہے لیکن چاند کی سطح پر ٹیڑھا پڑا ہوا ہے جبکہ وہ سطح پر اترنے کے طئے شدہ مقام سے شدید ضرب کے ساتھ ٹکرایا ، اسرو کے ایک عہدیدار نے پیر کو یہ بات بتائی ۔ حکام نے وضاحت کی کہ یہ دیکھنے کیلئے کوششیں سرگرمی کے ساتھ جاری ہیں کہ آیا لینڈر کے ساتھ رابطہ دوبارہ قائم کیا جاسکتا ہے یا نہیں لیکن اس کے امکانات موہوم ہوسکتے ہیں کیونکہ مکمل سسٹم کا کارکرد ہونا رابطہ کی بحالی کیلئے پیشگی شرط ہے ۔ وکرم جس میں روور ’پرگیان ‘ موجود ہے ،اس کے ساتھ رابطہ 7ستمبر کی ابتدائی ساعتوں میں ٹوٹ گیا تھا جب کہ وہ قمری سطح کے اُوپر 2.1کلومیٹر کے فاصلہ پر تھا اور بس سطح پر اترنے ہی والا تھا ۔ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن( اسرو) کے اس مشن سے وابستہ عہدیدار نے کہا کہ وکرم لینڈر چاند پر صحیح سلامت حالت میں موجود ہے اور کرائش نہیں ہوا ہے ۔ تاہم یہ کچھ مڑی ہوئی حالت میں ہے ۔ آربیٹر سے جڑے کیمرے نے جو امیجس بھیجے ہیں اُس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وکرم لینڈر قمری سطح پر اترا ضرور لیکن شدید ضرب کے ساتھ لینڈنگ ہوئی ۔ وہ ہنوز سطح پر اترنے کے طئے شدہ مقام سے کافی قریب ہے ۔ ہم بھرپور کوششیں کرتے ہوئے وکرم لینڈر کے ساتھ کمیونکیشن کو دوبارہ قائم کرنے میں مصروف ہیں لیکن یہ کام آسان نہیں ہے ۔ چندریان ۔II مشن ایک آربیٹر ، وکرم لینڈر اور روور پرگیان پر مشتمل ہیں ۔