وکلاء کی بھلائی کیلئے 25 کروڑ روپئے منظور کئے جائیں چیف منسٹر سے تلنگانہ بار کونسل کا مطالبہ

   

حیدرآباد: تلنگانہ بار کونسل نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا کا شکار ایڈوکیٹس کو بچانے کیلئے فوری طور پر 25 کروڑ روپئے منظور کئے جائیں۔ بار کونسل کے صدرنشین اے نرسمہا ریڈی نے چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وکلاء کے تحفظ کے لئے مداخلت کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا سے کئی ایڈوکیٹس فوت ہوچکے ہیں اور ان کے پسماندگان معاشی مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں ۔ کورونا کے سبب عدالتیں کام نہیں کر رہی ہیں جس کے نتیجہ میں وکلاء کی آمدنی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال چیف منسٹر کی جانب سے 25کروڑ روپئے کی منظوری پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ مستحق ایڈوکیٹس میں یہ رقم تقسیم کی گئی تھی۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر نے ایڈوکیٹس کی مدد کیلئے 25 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ جونیئر ایڈوکیٹس کی حالت انتہائی ابتر ہے اورحکومت کی جانب سے انہیں فوری مدد کی جانی چاہئے ۔ گزشتہ سال پانچ سالہ تجربہ رکھنے والے وکلاء کو 3500 روپئے کی امداد کی گئی تھی۔ انہوں نے ایڈوکیٹس ویلفیر فنڈ کے تحت وکلاء کے لئے مختلف سہولتوں میں اضافہ کا مطالبہ کیا ۔