کانگریس امیدوار کو ووٹ دینے کی اپیل، رکن اسمبلی ڈاکٹر روہت کا خطاب
میدک۔ 25 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی حکومت کے قیام کے بعد صرف 14 ماہ میں ہونے والی ترقی سب کے سامنے ہے اور ان 14 ماہ کے بعد آنے والے ایم ایل سی انتخابات بہت ہی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار میدک حلقہ کے ایم ایل اے ڈاکٹر ماینم پلی روہت نے کیا۔ انہوں نے میدک کورٹ کمپلیکس میں منعقدہ ایم ایل سی انتخابی اجلاس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ دانشوروں کو چاہیے کہ حکومت کی ترقیاتی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وکلاء کو حکومت سے ملنے والے فوائد کے لیے آئندہ اسمبلی اجلاس میں آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وکلاء کے رہائشی پلاٹس اور وکلاء کمیونٹی بلڈنگ کی تعمیر کے لیے بھی کوششیں کی جائے گی۔ ایم ایل اے نے اپیل کی کہ اس ماہ کی 27 تاریخ کو ہونے والے ایم ایل سی انتخابات میں عوام اپنی پہلی ترجیح کے طور پر کانگریس پارٹی کے امیدوار وٹکوری نریندر ریڈی کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ اس پروگرام میں بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر آکولا سرینواس، سکریٹری سریپتی راؤ، سینئر وکلاء سی پوچیا، اے رویندر، جیون راؤ،ایم بالیا، لکشمن کمار، گنیش، چرنجیوی، سرینواس، شو بھن گوڑ، فضل احمد اور کانگریس پارٹی کے قائدین بوجا پون،چندراپال سرینواس چودھری، پروشو رام گوڑ، شیری مہندر ریڈی، حفیظ الدین، شنکر و دیگر نے شرکت کی۔