احمدآباد۔ ہندوستان نے انگلینڈ کو چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ کی پہلی اننگز میں 112 رن پر سمیٹ کر شاندار شروعات کی اور دوسری اننگز میں 81 رنز پر ڈھیر کرتے ہوئے کامیابی کا دروازہ کھول دیا تھا اور اس میں ہندوستانی اسپنر اکشر پٹیل کا کافی اہم رول رہا جنہوں نے سب سے زیادہ 11 وکٹیں حاصل کیں اور وہ اپنی اس کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن ہندوستان کے نوجوان اسپنر اکشرپٹیل پہلی اننگز میں چھ وکٹ حاصل کرکے انگلینڈ کی اننگز کو112 پر سمیٹ دیا۔ اکشر اپنی کارکردگی سے خوش ہیں اور انہوں نے کہا کہ ان کا ہدف وکٹ ٹو وکٹ بولنگ کرنا تھا ۔اپنے دوسرے ہی ٹسٹ میں اکشر نے پہلے دن38 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر نے مسلسل دوسری مرتبہ ٹسٹ میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ حاصل کیا اور مقابلے میں مجموعی طور پر 11 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی کے سلسلے میں کہا جب چیزیں آپ کے حق میں رہی ہوں تو اس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ میرا مقصد گیند کو وکٹ ٹو وکٹ رکھنا تھا اور وکٹ سے ملنے والی مدد کا استعمال کرنا تھا۔ اکشر پٹیل نے کہا کہ اگر بیٹسمین اچھا دفاع کررہا ہو تو آپ اپنے دماغ میں بیک فٹ پر آجاتے ہیں۔ اگر بیٹسمین اچھی طرح سے دفاع نہیں کرپارہا ہو اور سویپ اور ریورس سویپ کے لئے جارہا ہو تو آپ کو لگتا ہے کہ ایک موقع بننے جارہا ہے ۔
