وکیل جوڑے کا قتل اچھی علامت نہیں ‘ سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن

   

نئی دہلی ۔ سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن نے تلنگانہ میں ایڈوکیٹ جوڑے جی وامن راو اور ان کی شریک حیات پی وی ناگمنی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔ جی وامن راو اور ناگمنی کو چہارشنبہ کی دوپہر ایک مصروف شاہراہ پر ان کی گاڑی سے گھسیٹ کر نکال گیا اور تیز دھاری ہتھیارو ں سے حملہ کرتے ہوئے قتل کردیا گیا تھا ۔سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن نے وکیل جوڑے کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے اپیل کی ہے کہ حملہ آوروں کو جلد گرفتار کیا جائے ۔ اسوسی ایشن کے کارگذار سکریٹری روہت پانڈے نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بار اسوسی ایشن وکلا جی وامن راو اور ان کی شریک حیات پی وی ناگمنی کے دن دھاڑے اور سر عام قتل کی شدید مذمت کرتی ہے ۔ یہ منصوبہ بند ہلاکت تھی کیونکہ یہ وکیل جوڑا عوامی مفاد کے مسائل کو عدالتوں سے رجوع کرتے تھے ۔ اس قتل نے ساری وکلا برادری کو شدید غمزدہ کردیا ہے ۔ کہا گیا کہ قتل کی یہ واردات آزادانہ جمہوریت کیلئے اچھی علامت نہیں ہے جبکہ جمہوریت میں قانون کی بالا دستی کسی ڈر و خوف کے بغیر کوئی بھی پیشہ اختیار کرنے کی ضمانت دیتی ہے ۔