مظفرنگر ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک وکیل کی بیوی اور دیگر چھ افراد کو تین دن قبل اس وکیل کی موت کے بعد آخری رسومات کے دوران اس کے گھر سے سازوسامان کا سرقہ اور اس کے تین سالہ بچہ کا اغواء کرنے کے الزام کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ یہ عجیب و غریب واقعہ اترپردیش کے ضلع مظفرنگر میں پیش آیا۔ موہت شرما گذشتہ تین دن سے لاپتہ تھا اور اس کی نعش اتوار کو دریائے گنگا سے برآمد ہوئی۔ باور کیا جاتا ہیکہ 30 سالہ شخص نے سراسیوں سے کسی خاندانی جھگڑے پر مشتبہ طور پر خودکشی کی تھی۔ اس کی آخری رسومات منگل کو ادا کی گئیں۔ چند افراد میراں پور میںواقع اس کے گھر پہنچے تھے اور اس کی کار اور چند قیمتی اشیاء کا سرقہ کرلیا۔ اس کے ساتھ تین سالہ بیٹے کا بھی اغواء کرلیا تھا۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر پنکج تیاگی نے ان تفصیلات کا انکشاف کیا۔ شرما کی بیوی کے علاوہ اس کے بھائی رجت اور دیگر پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مغویہ بچہ متوفیہ وکیل کی ساس کے ساتھ ہے اور ساس مفرور بتائی گئی ہے۔
