امیتابھ بچن کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا
نئی دہلی 21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو پیر کو ایک رنگا رنگ تقریب میں نیشنل فلم ایوارڈ عطا کریں گے۔ وگیان بھون میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں میگا اسٹار امیتابھ بچن کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔ روایتی طور پر صدرجمہوریہ کے ہاتھوں منتخب شخصیتوں کو ایوارڈ عطا کئے جاتے ہیں بعدازاں صدرجمہوریہ رامناتھ کووند کی جانب سے ایوارڈ یافتہ شخصیتوں کے اعزاز میں ’’ہائی ٹی‘‘ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ 2018 ء میں صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے اس تقریب کے دوران چند ہی ایوارڈ یافتگان کو اعزاز عطا کئے تھے کیوں کہ یہ تقریب دو مرحلوں میں ہوئی تھی۔ پہلے مرحلہ کی تقریب میں مرکزی وزراء سمرتی ایرانی اور راجیو وردھن سنگھ راتھوڑ نے ایوارڈ عطا کئے تھے جبکہ دوسرے مرحلہ میں صدرجمہوریہ نے ایوارڈس عطا کئے تھے۔ 66 ویں نیشنل فلم ایوارڈس کا اس سال اگسٹ میں اعلان کیا گیا تھا۔ گجراتی فلم ’’ہیلارو‘‘ کو بہترین فلم سے نوازا گیا ہے۔ بہترین اداکاری کے لئے وکی وشال اور ایوشمان کھرانہ کو مشترکہ طور پر ’’بیسٹ ایکٹر ٹرافی‘‘ عطا کی جائے گی جو سرجیکل اسٹرائیک اور ’’اندھا دھند‘‘ کے لئے ہے۔ تلگو فلم مہانتی میں بہترین اداکاری کے لئے کرینتی سریش کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ ’یوری‘ کے لئے آدتیہ دھر کو بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ عطا کیا جائے گا۔