جوبلی ہلز میں آئسکریم پارلر کے خلاف محکمہ اکسائز کی کارروائی
حیدرآباد ۔6۔ ستمبر (سیاست نیوز) محکمہ اکسائز و پروہبیشن کے عہدیداروں نے جوبلی ہلز میں واقع ایک آئسکریم پارلر پر دھاوا کرتے ہوئے بچوں کو شراب کی آمیزش والا آئسکریم فروخت کرنے کا معاملہ بے نقاب کیا۔ حکام نے اس بات کا پتہ چلایا کہ آئسکریم پارلر میں وہسکی کی آمیزش کے ساتھ موجود آئسکریم بچوں کو دی جارہی تھی۔ حکام نے 11.5 کیلو گرام آئسکریم کو ضبط کرلیا۔ جوبلی ہلز میں اریکو کیفے نامی آئسکریم پارلر پر مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد حکام نے دھاوا کیا اور وہسکی کے ساتھ آئسکریم کی تیاری کا پتہ چلایا۔ بتایا جاتا ہے کہ آئسکریم پارلر ہر ایک کیلو گرام آئسکریم میں 60 ایم ایل وہسکی کی ملاوٹ کرتے ہوئے یہ آئسکریم بچوں کو فروخت کی جارہی تھی۔ فیس بک اور سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر گاہکوں کو راغب کرنے کیلئے الکحل کی آمیزش والے آئسکریم کی تشہیر کی جارہی تھی۔ محکمہ اکسائز کے عہدیداروں نے بتایا کہ آئسکریم پارلر میں اکسائز ایکٹ کی دفعہ 33A کی خلاف ورزی کی ہے۔ وہسکی کے ساتھ آئسکریم تیار کرنے پر دیاکر ریڈی اور شوبھن کو حراست میں لے لیا گیا۔ بچوں کو الکحل کی اشیاء فروخت کرنا سنگین جرم ہے اور آئسکریم پارلر نے الکحل کے ساتھ آئسکریم تیار کرتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ حکام نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئسکریم پارلر کا مالک جی شرد چندرا ریڈی ہے۔ 1