وہیل مچھلی کے کروڑوں روپئے کی چیز اگلنے

,

   

سے تھائی لینڈ کی خاتون مالا مال
بنکاک : تھائی لینڈ میں ایک خاتون اس وقت حیران و پریشان ہو گئی جب اسے ساحل کنارے اپنے گھر کے پاس چار کروڑ روپے سے زائد مالیت کی وہیل مچھلی کی اگلی ہوئی ایک چیز ملی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق دو ہفتے قبل 49 سالہ سری پورن نیمرین بارش کے بعد ساحل پر چہل قدمی کر رہی تھیں کہ انہیں کچھ مادہ دکھائی دیا۔ اس کے معائنہ پر انہوں نے محسوس کیا کہ اس میں سے مچھلی جیسی خوشبو آ رہی ہے۔ سری پورن نیمرین اسے اس امید پر گھر لے آئیں کہ شاید اس سے کچھ پیسے کما سکے۔اس بیضوی شکل جیسی چیز کے معائنے کے لیے انہوں نے اپنے ہمسایوں سے مدد طلب کی اور اس وقت حیران رہ گئیں جب انہیں بتایا گیا یہ وہیل نے اگلا ہے اور یہ ’امبرگریس‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس 12 انچ چوڑے اور 24 انچ لمبے امبرگریس کا وزن سات کلو کے قریب ہے اور اس کی قیمت ایک لاکھ 86 ہزار پانچ سو پاؤنڈ ہے۔یہ جاننے کے لیے کہ یہ امبرگریس اصل ہے کہ نہیں، سری پورن نیمرین اور ان کے ہمسایوں نے اس کے ایک ٹکڑے کو آگ بھی لگائی۔ جو پگھل کر ٹھنڈا ہونے پر دوبارہ سخت ہو گیا۔ سری پورن نیمرین کو اب ماہرین کا انتظار ہے کہ وہ آئیں اور اس کے اصل ہونے کی تصدیق کریں۔