وہیکل اسکریپنگ پالیسی خودمکتفی ہندوستان کی سمت بڑا قدم:مودی

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ وہیکل اسکریپنگ پالیسی خود انحصار ہندوستان کے اہداف کو پورا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے اور اس سے آٹو سیکٹر کو ایک نئی شناخت حاصل ہوگی۔ مودی نے ریاست گجرات میں مرکزی وزارت روڈ ٹرانسپورٹ و قومی شاہراہ اور حکومت گجرات کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقدہ سرمایہ کاروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 75ویں یوم آزادی سے پہلے آج کا یہ پروگرام خود انحصار ہندوستان کے بڑے اہداف کو پورا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل وہیکل اسکریپنگ پالیسی نئے ہندوستان میں آٹو سیکٹر کو نئی شناخت عطا کرنے والی ہے ۔ یہ پالیسی ملک میں گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی کو روکنے اور سڑکوں سے خراب گاڑیوں کو سائنسی طریقے سے ہٹانے میں میں بڑا کردار ادا کرے گی۔ اس سے ملک کے تقریبا ہر شہری کی زندگی، ہر صنعت اور ہر شعبے میں مثبت تبدیلی آئے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ نقل و حمل معیشت کا ایک بڑا عنصر ہے ۔ اس شعبہ میں جدت طرازی نہ صرف نقل و حمل کے بوجھ کم کرے گی بلکہ یہ معاشی ترقی کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی کے ہندوستان کے لیے یہ پالیسی وقت کا تقاضہ ہے ۔مودی نے کہا کہ اس پالیسی سے آٹو سیکٹر اور میٹل سیکٹر میں ملک کی خود کفالت کو نئی توانائی ملے گی۔ یہی نہی ، اس پالیسی سے ملک میں 10 ہزار کروڑ روپے سے زائد کی نئی سرمایہ کاری کی جائے گی اور ہزاروں نوکریاں پیدا کی جائیں گی۔ نیز، اس پالیسی سے ہر شعبہ میں عام خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ پہلا فائدہ یہ ہوگا کہ پرانی گاڑی کو اسکریپ کرنے پر سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ نئی گاڑی کی خریداری پر رجسٹریشن کے لیے کوئی فیس ادا نہیں کرنی پڑے گی۔ اس کے ساتھ روڈ ٹیکس میں چھوٹ بھی دی جائے گی۔ استعمال شدہ گاڑی کی دیکھ بھال کی لاگت کم ہوگی اور حادثات بھی کم ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ گجرات کو اسکریپنگ پالیسی سے جو فائدہ ملا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔