ایک سال تک رینیول نہ کرنے پر لرننگ لائسنس حاصل کرنا ہوگا
حیدرآباد: محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے لائسنس کی تجدید کے سلسلہ میں نئے قواعد کے سبب عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ ایسے افراد جنہوں نے لائسنس کی مدت کے ختم ہونے کے بعد ایک سال تک تجدید نہیں کی ہو، ان کا لائسنس تجدید نہیں کیا جائے گا بلکہ انہیں نئے طریقہ سے لرننگ لائسنس کی درخواست دینی ہوگی۔ نئے قواعد کے مطابق ایک سال تک لائسنس رینیول نہ کرنے والے افراد کو لرننگ لائسنس کی درخواست دینی ہوگی جس کے بعد نئے طریقہ سے انہیں مقررہ مدت کے بعد لائسنس جاری کیا جائے گا ۔ سابق میں لائسنس کے رینیول کے لئے مدت گزرنے پر پینالٹی حاصل کرتے ہوئے تجدید کی جاتی تھی ۔ پانچ سال کی مدت میں سالانہ ایک ہزار روپئے پینالٹی عائد کرتے ہوئے لائسنس رینیول کی روایت تھی لیکن ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے نئے قواعد مرتب کئے ہیں۔ ایسے افراد جنہوں نے کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے باعث لائسنس کی تجدید نہیں کی یا پھر ٹرانسپورٹ شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو نئے فیصلہ سے دشواری ہوگی۔ آٹو ڈرائیورس اور کیاب ڈرائیورس کو لائسنس کی مقررہ مدت میں عدم تجدید کی صورت میں بھاری نقصان ہوسکتا ہے کیونکہ وہ لرننگ لائسنس پر آٹو یا کیاب نہیں چلا سکتے۔ آٹو اور کیاب ڈرائیورس کے علاوہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری سے وابستہ ڈرائیورس نے حکام سے اپیل کی ہے کہ نئے قواعد سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے پینالٹی کے ذریعہ لائسنس کے رینیول کے طریقہ کار کو بحال کیا جائے ۔ اسی دوران ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ نئے قواعد مرکزی حکومت کی جانب سے لاگو کئے گئے ہیں۔ لرننگ لائسنس کی اجرائی کے بعد ٹسٹ کیلئے 30 دن تک انتظار کرنا پڑے گا۔ عوام اور بالخصوص روزانہ کمانے والے ڈرائیورس کو نئے قواعد سے استثنیٰ دیا جانا چاہئے ۔