وہ سامان خریدیں جو میڈ ان انڈیا ہو‘مودی کامشورہ

   

جی ایس ٹی اصلاحات کے نفاذ پر قوم سے وزیر اعظم کا خطاب
نئی دہلی۔21؍ستمبر( ایجنسیز ) نوراتری کے آغاز سے ایک دن پہلے وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں 22 ستمبر سے نافذ ہونے والے جی ایس ٹی اصلاحات کے فوائد کی تفصیل بتائی۔ پی ایم مودی نے کہا کہ‘‘جی ایس ٹی اصلاحات سے آپ کی بچت میں اضافہ ہوگا اور آپ اپنی پسند کی چیزیں خرید پائیں گے۔ سماج کے ہر طبقہ کو اس سے فائدہ ہوگا۔ یہ فیصلہ خود کفیل ہندوستان کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ یہ اصلاحات ہندوستان کی ترقی کے سفر کو تیز کریں گی، کاروبار کو آسان بنائیں گی اور سرمایہ کاری کو پرکشش بنائیں گی۔ ہر ریاست ترقی کی دوڑ میں برابر کی شراکت دار بن جائے گی۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ جی ایس ٹی لاگو ہونے سے پہلے ملک بھر میں لاکھوں کمپنیوں اور لاکھوں شہریوں کو مختلف ٹیکسوں کے پیچیدہ جال کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ایک شہر سے دوسرے شہر تک سامان پہنچانے کی لاگت میں جو اضافہ ہوتا تھا، اس کا بوجھ بالآخر غریبوں پر پڑتا تھا اور یہ لاگت صارفین سے وصول کی جاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس بحران سے نکالنا ضروری تھا، اس لیے جب آپ نے ہمیں 2014 میں خدمت کا موقع دیا تو ہم نے عوامی اور قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے جی ایس ٹی کو اپنی ترجیح بنایا۔ ہم نے ہر اسٹیک ہولڈر کے ساتھ کام کیا اور اس عمل میں ریاستوں کو فعال طور پر شامل کیا۔ سبھی کو ساتھ لے کر ہی آزاد ہندوستان میں ٹیکس میں ایسی جامع اصلاحات ممکن ہوسکی۔