شری گنگا نگر، 9 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے ضلع چورو میں قومی شاہراہ 11 پر ماروتی وین اور بس کے درمیان آمنے سامنے کی شدید ٹکر ہو جانے سے 8 افراد کی موت ہو گئی ۔ پولیس مہلوکین کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔پولیس کے مطابق راجلدیسر تھانہ علاقہ میں قومی شاہراہ 11 پرسنیو کے گرد آج صبح 8 بجکر 40 منٹ پر ماروتی وین اور بس میں آمنے سامنے ٹکر ہو گئی ۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ماروتی وین کے پرخچے اڑ گئے ۔ اس میں سوار چھ افراد کی موقع پر موت ہو گئی ، دو زخمیوں نے راجلدیسر کے سرکاری اسپتال لے جاتے وقت دم توڑ دیا ۔ حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی راجلدیسر اور رتن گڑھ تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچی۔ راجلدیسر تھانہ انچارج سریندر رانا نے بتایا کہ مہلوکین سب مرد ہیں اور ضلع بیکانیر کے رہنے والے ہیں ۔ ان کی شناخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ معلومات کے مطابق وین میں شادی کارڈ ملے ہیں ۔