سواتی مالیوال سے بدسلوکی اور مار پیٹ کا الزام
نئی دہلی : دہلی پولیس نے سواتی مالیوال کے ساتھ بدسلوکی اور مارپیٹ کے معاملے میں وزیر اعلی اروند کجریوال کے پی اے اور اہم ملزم ویبھو کمار کو گرفتار کر لیا ہے۔ سواتی مالیوال 13 مئی کو وزیر اعلی اروند کجریوال سے ملنے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ گئی تھیں۔ الزام ہے کہ وہاں اروند کجریوال کے پی اے ویبھو کمار نے نہ صرف ان کے ساتھ بدسلوکی کی بلکہ ان کے ساتھ مارپیٹ بھی کی تھی۔ دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے سواتی مالیوالی سے ملاقات کی اور ان سے واقعہ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بعد میں ویبھو کمار کے خلاف غیر ضمانتی دفعہ اور آئی پی سی کی دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سے پولیس ویبھو کمار کی تلاش کر رہی تھی۔ ویبھو کمار کو دہلی پولیس نے چیف منسٹر ہاؤس سے ہی گرفتار کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر پولیس ٹیم انہیں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے پچھلے دروازے سے اپنے ساتھ لے گئی اور انہیں سیول لائن تھانے لایا گیا ہے۔طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پہلے ان کا طبی معائنہ کرایا جائے گا اور پھر انہیں مجاز مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا اور تحویل میں لینے کی کوشش کی جائے گی۔ تاکہ ویبھو کمار سے واقعے کے بارے میں پوچھ تاچھ کی جاسکے۔