ویتنام سیلاب : ہلاکتوں کی تعداد 47 ہوگئی

   

ہنوئی، 5 نومبر (یواین آئی/ژنہوا) وسطی ویتنام میں شدید بارش اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 47 ہو گئی ہے ، آٹھ افراد لاپتہ اور 130 زخمی ہیں۔ یہ اطلاع ویتنام ڈیزاسٹر اینڈ ڈائک مینجمنٹ اتھارٹی نے چہارشنبہ کو دی۔رپورٹ کے مطابق 44200 سے زائد گھر اب بھی زیر آب ہیں، جب کہ 108 دیگر تباہ یا بہہ گئے اور 694 کو نقصان پہنچا۔سیلاب سے 11300 ہیکٹر سے زیادہ پر چاول اور دیگر فصلیں ڈوب گئیں اور 152100 سے زیادہ مویشی اور مرغیاں ہلاک یا بہہ گئیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی سربراہی منقطع ہونے سے 95300 سے زائد گھر متاثر ہو ئے ہیں۔

امریکی کارگو طیارہ گر کر تباہ
واشنگٹن، 5 نومبر (یو این آئی) امریکی ریاست کینٹکی کے لوئی ول ایئرپورٹ کے قریب کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثہ میں طیارہ کا پائلٹ ہلاک ہوگیا۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن کے مطابق کارگو طیارہ لوئی ول ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد گر کر تباہ ہوا، حادثہ کے بعد متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ گرنے والا طیارہ امریکی شہر ‘ہونولولو’ کے ڈینیئل کے انوئے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی جانب جارہا تھا۔ علاقے میں دھویں کے کالے بادل چھا گئے ، فائربریگیڈ، ایمرجنسی سروسز کے اہلکار پہنچ گئے۔امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔