ہنوئی، 26 اگست (یو این آئی) ویتنام میں سمندری طوفان کاجیکی کی وجہ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ویتنام میں سمندری طوفان کاجیکی نے تباہی مچائی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں شدید بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ طوفان کی وجہ سے مختلف حادثات میں 3 افراد ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 7ہزار کے قریب گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ اس کے علاوہ 28 ہزار ایکڑ پر کھڑی چاول کی فصل زیرآب آگئی اور 18 ہزار درخت گرگئے جب کہ بجلی کے کھمبے گرنے کی وجہ سے کئی صوبے تاریکی میں ڈوب گئے ۔ موسمیاتی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ شمالی ویتنام کے کئی حصوں میں بارشیں جاری رہیں گی جس کے سبب کچھ علاقوں میں 6گھنٹے کے دوران 150 ملی میٹر تک بارش ہونے کا خدشہ ہے جو ممکنہ طور پر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا سبب بن سکتا ہے ۔