ہنوئی، 9 نومبر (یو این آئی) ویتنام کے ہو چی مِنہ شہر میں ہفتہ کے روز سینڈوچ کھانے کے بعد 162 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ویتنام نیوز ایجنسی کے مطابق ایک ہی برانڈ کی دو ویتنامی سینڈوچ دکانوں سے سینڈوچ کھانے کے بعد یہ واقعہ سامنے آیا ہے ۔ زیادہ تر متاثرین کو متلی، الٹی، پیٹ درد، دست، بخار اور مختلف سطح کی تھکن جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ قابلِ ذکر ہے کہ ایک مریض کی حالت تشویشناک ہے اور اسے انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے ، جبکہ ایک حاملہ خاتون کو قبل از وقت ولادت کا خطرہ لاحق ہے ۔ ایک مریض کے خون کے نمونہ میں ٹائیفائیڈ پھیلانے والا بیکٹیریا سالمونیلا پایا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق 105 مریضوں کو فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 57 افراد کا علاج جاری ہے ۔ مقامی حکام نے دونوں دکانوں کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔
