ہنوئی، 10 اکتوبر (یواین آئی) ویتنام میں طوفان ماتمو کی وجہ سے ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں شمال اور نارتھ سنٹرل میں 15 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے ۔ ڈیزاسٹر اینڈ ڈائک مینجمنٹ اتھارٹی نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔اتھارٹی نے کہا کہ 225,000 سے زیادہ گھر زیر آب آگئے اور 1,500 سے زیادہ کو شدید نقصان پہنچا، جب کہ تقریباً 24,000 ہیکٹر چاول اور دیگر فصلیں زیر آب آ گئیں۔ تقریباً 587000 مویشی اور مرغیاں ہلاک یا بہہ گئیں۔ طوفان کی وجہ سے آمدورفت میں بھی شدید خلل پڑا، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے 27 سڑکوں کو بلاک کر دیا۔ایجنسی کے مطابق، بجلی گل ہونے سے تقریباً 181000 گھر متاثر ہوئے ، جب کہ کئی صوبوں میں ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک جزوی طور پر متاثر ہوا۔ویتنام کی نیوز ایجنسی نے جمعہ کو بتایا کہ ویتنام کے وزیر اعظم فام من چن نے جمعرات کو وزارتوں اور ایجنسیوں کو طوفان ماتمو کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے میں مقامی حکام کی فعال مدد کی ہدایت کی۔