نکلس روڈ پر 117 موبائل فیش آوٹ لیٹس کے افتتاح کے بعد ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں ویج اور نان ویج مارکٹس کے قیام کے لیے بجٹ میں 500 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ آج نکلس روڈ کے ایچ ایم ڈی گراونڈ پر موبائل فیش آوٹ لیٹس موبائل کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو ، ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر ، ایم گوپال ، اے گاندھی ، بی سبھاش ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ بی پرکاش ، کے پربھاکر ریڈی ، بی بی پاٹل رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سرینواس یادو کی خصوصی دلچسپی سے مچھلیوں کی فروخت کے لیے موبائل وہیکلس دستیاب ہوئے اور اس سے مچھیروں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ جی ایچ ایم سی کے بشمول 29 اضلاع کے لیے 117 موبائل
وہیکلس کا افتتاح کیا گیا ہے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ ریاست کے عوام جتنے اچھے ہیں اتنی ہی مزیدار مچھلیاں ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ایک یا دو مقامات پر ہی مچھلیاں دستیاب ہوتی ہیں ۔ جس سے شہر کے تمام عوام کو مچھلی کھانے کے زیادہ مواقع دستیاب نہیں ہوتے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت مچھلیوں کی افزائش کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ جس سے مچھیروں کے اچھے دن آئے ہیں ۔