تقررات میں نظر انداز کئے جانے پر شدید برہمی ، انصاف کرنے حکومت سے اسوسی ا یشن کے قائدین کا مطالبہ
حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاست کے محکمہ ویدیا ودھانہ پریشد کے حدود میں خدمات انجام دینے والے ’’ اسپیشلسٹ ڈاکٹروں ‘‘ کو حکومت کی جانب سے زبردست شاک ( جھٹکہ) دیا گیا ۔ میڈیکل ایجوکیشن میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے عمل کے دوران تلنگانہ ویدیا ودھانہ پریشد ڈاکٹروں کے ساتھ دھوکہ دیاگیا ۔ بلکہ ان کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کردیا گیا ۔جبکہ صرف ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر حدود میں پائے جانے والے ڈاکٹروں کو بھی اسسٹنٹ پروفیسرس عہدوں کیلئے موقع فراہم کرنے کا پرنسپال سکریٹری ریاستی محکمہ صحت و طبابت شریمتی شانتی کماری نے سرکیولر جاری کیا ۔ اسی دوران پرنسپال سکریٹری محکمہ صحت و طبابت کے جاری کردہ سرکیولر کو جی او نمبر 154 کے مغائر قرار دیتے ہوئے تلنگانہ ویدیا ودھانہ پریشد ڈاکٹروں نے اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور اس سنگین مسئلہ پر تلنگانہ ڈاکٹرس اسوسی ایشن قائدین ڈاکٹر پرساد ڈاکٹر لالو ڈاکٹر پروین ، اور ڈاکٹر نرہری و دیگر نے ریاستی وزیر صحت و طبابت مسٹرای راجندر سے ملاقات کی اور تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے ڈاکٹروں کے ساتھ مکمل انصاف کرتے ہوئے اسسٹنٹ پروفیسرس عہدوں پر تلنگانہ ویدیا ودھانہ پریشد ڈاکٹروں کو موقعہ فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ تلنگانہ ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ ان کی نمائندگی پر وزیر صحت و طبابت مسٹر ای راجندر نے پرنسپال سکریٹری ریاستی محکمہ صحت و طبابت شریمتی شانتی کماری اور ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن مسٹر رمیش ریڈی کو طلب کرکے تفصیلات سے واقفیت حاصل کی اور سمجھا جاتا ہے کہ عہدیداروں نے وزیر موصوف کو تلنگانہ ویدیا ودھانہ پریشد کے حدود میں فی الوقت ہی اسپیشلٹس ڈاکٹروں کی کمی پائی جانے کا اظہار کیا ہے ۔ جس کی وجہ سے ہی ان ڈاکٹروں کو اسسٹنٹ پروفیسرس کے عہدوں پر فائز کرنے سے استثنی دیا گیا ہے ۔ تاہم مناسب وقت پر ان کے ساتھ مکمل انصاف کرنے کا عہدیداروں نے وزیر موصوف سے اظہار کرنے کی اطلاعات پائی جاتی ہے ۔