ویراٹ نے محمد شامی کی والدہ سے آشیرواد لیا

   

دبئی: بھارت کی چمپئنز ٹرافی کی جیت کے جشن کے درمیان سوپر اسٹار ویراٹ کوہلی کو چمپئن بولر محمد شامی کی والدہ کے پاؤں چھوتے اور ان سے آشیرواد لیتے دیکھا گیا۔ ہندوستانی فاسٹ بولر کی والدہ خاص طور پر ٹورنامنٹ کا فائنل میچ دیکھنے دبئی اسٹیڈیم میں تھیں۔ شامی کی والدہ سے آشیرواد لینے پر مداحوں نے کوہلی کی تعریف کی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپ میں بھارتی پیس بولر کو اپنی ماں کے ساتھ کوہلی کی طرف جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ شامی کی والدہ سے ملنے کے بعد کوہلی نے بے ساختہ ان کے پاؤں چھوئے، جو ہندوستانی ثقافت میں عام طور پر اپنے سے بڑے فرد کے احترام اور ان سے نیک تمنا کی درخواست کا روایتی عمل ہے جسے آشیرواد حاصل کرنا کہتے ہیں۔ کوہلی اور شامی کی والدہ کے ویڈیو کلپ نے کرکٹ شائقین اور دیگر لوگوں کی جانب سے کافی تعریفیں حاصل کیں۔