نئی دہلی ۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق اوپنرآکاش چوپڑا نے موجودہ دورکے عظیم بیٹر ویرات کوہلی کے بارے میں بڑا بیان دیا ہے۔ آکاش کا ماننا ہے کہ موجودہ وقت میں جو فیب4 (چار بہترین بیٹرس) تھے وہ اب فیب 3 ہیں کیونکہ اب ویرات کوہلی اس کا حصہ نہیں ہیں۔ ویرات کوہلی، اسٹیو اسمتھ، جو روٹ اورکین ولیمسن کو فیب 4 میں شمار کیا جاتا تھا۔ ویرات کوہلی کا شمار موجودہ دورکے عظیم بیٹرس میں کیا جاتا ہے۔ ٹسٹ میں کوہلی کے اعداد و شمار مسلسل گر رہے ہیں۔ کوہلی وہ بیٹر ہیں جو اپنی مستقل مزاجی کے لیے جانے جاتے تھے، اسی لیے ان کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ سچن کا100 سنچریوں کاریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ ایک وقت میں آکاش بھی کوہلی کی تعریف کیا کرتے تھے لیکن اب وہ کوہلی کے ناقد بن گئے ہیں۔ آکاش نے اپنے یوٹیوب چینل پرکہا کہ ایک زمانے میں کوہلی، روٹ، اسمتھ اور ولیمسن فیٹ4 ہوا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ وارنرکا بھی ایک نام تھا جو ان بیٹرس کی فہرست میں شامل ہوسکتا ہے۔ آکاش نے کہا کہ وہ ٹسٹ کرکٹ کی بات کر رہے ہیں، وہ بھی 2014 سے 2019 کے درمیانی عرصے کی لیکن اب وہ فیب3 ہے نہ کہ فیب 4 ۔ آکاش نے کہا کہ 2014 سے 2019 کے درمیان ویرات کی کارکردگی شاندار رہی۔ آکاش نے کہا کہ اس دوران کوہلی نے 62 میچوں میں 5695 رنز بنائے اور اس دوران ان کی اوسط 58.71 رہی اور اس دوران انہوں نے 21 سنچریاں بنائیں۔ اس کے بعدکوہلی کے اعداد و شمار میں کمی آئی ہے، انہوں نے 2019 سے اب تک 25 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں اور1277 رنز بنائے ہیں، یہ اعداد و شمار ان کے کھیل کے مطابق نہیں ہیں اور اس دوران ان کی اوسط 29.69 ہے اور انہوں نے صرف ایک سنچری اسکورکی ہے جو احمد آباد میں آسٹریلیا کے خلاف آئی تھی۔ سابق اوپنر نے تاہم اعتراف کیا کہ کوہلی فیٹ4 میں واپس آسکتے ہیں۔