ویراٹ کوہلی ونڈے کرکٹ میں تیز ترین 14000 رنز بنانے والے بیاٹر

   

دبئی: ہندوستان کے سوپر اسٹار بیاٹر ویراٹ کوہلی نے اتوار کے روز تاریخ رقم کی کیونکہ وہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 14,000 رنز بنانے والے تیز ترین بلے باز بن گئے۔ انہوں نے یہاں پاکستان کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں لجنڈ سچن تنڈولکر کے سابقہ ورلڈ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ لجنڈری ہندوستانی سچن تنڈولکر (18,246 رنز) اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا (14,234 رنز) کے بعد کوہلی اب ونڈے کرکٹ میں 14,000 رنز بنانے والے صرف تیسرے بیاٹر ہیں۔ کوہلی 287 اننگز میں اپنے 14,000 ون ڈے رنز مکمل کر کے یہ سنگ میل عبور کرنے والے تیز ترین کھلاڑی ہیں۔ ان سے پہلے تنڈولکر نے یہ کارنامہ انجام دینے کیلئے 350 اننگز کا وقت لیا تھا جبکہ سنگاکارا نے 378 اننگز کھیلی تھیں۔ اتفاق سے، کوہلی اور تنڈولکر دونوں نے پاکستان کے خلاف 14,000 ونڈے رن بنائے۔ بھارتی نمبر 3 بیاٹر کو اتوار کو اس سنگ میل تک پہنچنے کیلئے صرف 15 رنز درکار تھے، جو انہوں نے اننگز کے 13ویں اوور میں حارث رؤف کی گیند پر چوکے کے ذریعہ مکمل کئے ۔ 36 سالہ ماڈرن ڈے گریٹ نے تیز ترین 13000 رنز بھی ستمبر 2023 میں کولمبو میں پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کے دوران مکمل کئے تھے۔