ویراٹ کوہلی ٹسٹ درجہ بندی میں بدستور پہلے مقام پر

   

Ferty9 Clinic

دبئی ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ ان کے نائب اجنکیا راہنے ایک مقام کی ترقی کے بعد آٹھویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ عالمی نمبرایک کوہلی کے ٹسٹ درجہ بندی میں 928 نشانات ہیں جوکہ آسٹریلیائی رن مشین اسٹیواسمتھ سے 17 نشانات زیادہ ہیں۔ درجہ بندی میں چھٹے مقام پر ایک اور ہندوستانی کھلاڑی چیٹیشور پجارا فائز ہیں جن کے نشانات کی تعداد 791 ہے جبکہ راہنے کے جملہ نشانات کی تعداد 759 ہے۔ مذکورہ تین کھلاڑی سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ بولروں میں ہندوستان کیلئے سب سے بہتر مقام جسپریت بمرا کا ہے جبکہ 794 نشانات کے ذریعہ چھٹے مقام پر فائز ہے جبکہ روی چندرن اشون آٹھویں اور محمد سمیع دسویں مقام پر فائز ہیں۔ آل راونڈرس کی فہرست میں رویندر جڈیجہ 438 نشانات کے ذریعہ تیسرے مقام پر موجود ہیں۔ سری لنکا کے سینئر بیٹسمین انجیلیو میتھیو جنہوں نے زمبابوے کے خلاف شاندار ڈبل سنچری اسکور کی ہے وہ اس کی بدولت سرفہرست 20 کھلاڑیوں میں واپسی کرچکے ہیں۔