ویراٹ کوہلی کو آئی پی ایل کی یاد ستانے لگی

   

ممبئی۔8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم اور آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ وہ آئی پی ایل کی کمی محسوس کررہے ہیں۔کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاون نافذ ہے جو 17 مئی تک جاری رہے گا۔ اس دوران ملک بھر میں کھیل سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں اورکئی ٹورنمنٹوں ملتوی کردئے گئے ہیں۔ آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔آئی پی ایل کو 29 مارچ سے شروع ہونا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے یہ ملتوی کر دیا گیا ہے اور اس سال اس کے ہونے پر بھی بحران کے بادل منڈلا رہے ہیں۔کوہلی نے اسٹار اسپوٹرس کے شوکرکٹ کنیکٹیڈ میں کہا میں گھر میں رہنے کے دوران آئی پی ایل ٹورنمنٹ کی کافی کمی محسوس کررہا رہوں۔ اگرچہ ایسی صورت میں مثبت رہنا کافی ضروری ہے تاکہ کھیل دوبارہ شروع ہونے پر اپنی فارم برقرار رکھی جا سکے۔ اس دوران کوہلی کے ساتھی کھلاڑی یوزویندر چہل بھی تھے۔ہندوستانی کپتان نے کہا میں لاک ڈاون کے دوران خود کو مثبت اور خوش رکھ رہا ہوں جس سے جب بھی حالات معمول ہو اور میں کھیلنے اتروں تو ویسے ہی آغاز کروں جیسے ختم کیا تھا۔