ویراٹ کیخلاف چوتھی وکٹ پر بولنگ کا منصوبہ کامیاب ہوا: رابنسن

   

لندن : انگلینڈ کے فاسٹ بولر اولی رابنسن نے دوسرے ٹسٹ میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کی وکٹ حاصل کی، اسے اپنی کیرئیر کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔ ٹرینٹ برج میں منعقدہ پہلے ٹسٹ میں 5 وکٹوں کے مظاہروں سے تازہ دم رابنسن نے دوسرے ٹسٹ میں بھی ویراٹ کوہلی کو آؤٹ کیا۔ کوہلی سلپ میں جیو روٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہونے سے قبل 42 رنز اسکور کئے لیکن انھیں رابنسن نے دن کی دوسری نئی گیند سے آؤٹ کیا۔ کوہلی کو آؤٹ کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انگلش فاسٹ بولر نے کہاکہ ویراٹ کی وکٹ تاحال میرے کیرئیر کی سب سے بڑی کامیابی ہے اور میں اِس کامیابی سے خوش ہوں نیز یہ میرے لئے ایک یادگار لمحہ تھا۔ کوہلی کے خلاف استعمال کئے جانے والے منصوبے کے ضمن میں رابنسن نے کہاکہ کوہلی کے خلاف ہمیشہ ہی یہ منصوبہ رہا کہ انھیں چوتھی ۔ پانچویں وکٹ پر گیند کی جائے۔ خوش قسمتی سے یہ منصوبہ کارآمد ثابت ہوا اور دن کے اختتام سے قبل ہم نے کوہلی کو آؤٹ کیا۔ لارڈس ٹسٹ کے ابتدائی دن جیو روٹ نے ٹاس جیتنے کے بعد ہندوستان کو بیاٹنگ کے لئے مدعو کیا جس پر روہت شرما اور کے ایل راہول نے ابتداء میں انتہائی محتاط اور سست کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن چند اوور گزرنے کے بعد روہت شرما نے برق رفتار بیاٹنگ شروع کی اور وہ 83 رنز پر آؤٹ ہوکر سنچری سے محروم ہوئے۔
رابنسن نے ہندوستانی اوپنرس کی ستائش کرنے کے علاوہ یہ بھی کہاکہ دس پندرہ ایسے مواقع آئے جہاں ہم وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ہم نے بہتر بولنگ کی اور کھلاڑیوں کو آسانی سے رنز بنانے نہیں دیئے ۔ رابنسن کے بموجب وکٹ اُمید کے برعکس سست رہی۔ یاد رہے سینئر بولر اسٹیورٹ براڈ زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہونے کی وجہ سے رابنسن کو جیمس اینڈرسن کے ساتھ نئی گیند سے بولنگ کرنے کا موقع ملا ہے جس کا انھوں نے فائدہ اُٹھایا۔