برمنگھم، 4 جولائی (پی ٹی آئی ): سابق انگلش کپتان مائیکل وان کا ماننا ہے کہ ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کو آگے بڑھانے کی ذمے داری اب شبھمن گل، رشبھ پنت اور یشسوی جیسوال کے کندھوں پر ہے، جیسے کہ ایک وقت میں ویراٹ کوہلی نے تنِ تنہا یہ کام انجام دیا تھا۔ وان نے پی ٹی آئی سے گفتگو میں کہا کہ اگرچہ انگلینڈ کے خلاف جاری ٹسٹ سیریز میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کی عدم موجودگی کے باوجود ہندوستانی بیٹنگ لائن اپ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اصل کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا یہ نوجوان اب اس ہندوستانی ٹیم کو آگے لے جائیں، ویسے ہی جیسے ویراٹ نے ایک وقت میں خود کیا تھا۔ یہ وہ کھلاڑی ہیں جو کرکٹ کو صحیح طریقے سے کھیلتے ہیں۔ وان نے تینوں نوجوان بیٹسمینوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان میں وہ دم خم ہے جو ہندوستانی کرکٹ کو اگلے دور میں لے جا سکتا ہے لیکن ان پر دباؤ بھی اتنا ہی ہوگا جتنا کوہلی پر تھا۔