انٹیگا۔25 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) نائب کپتان اجنکیا رہانے 53*رنز اور کپتان ویراٹ کوہلی کے 51* رنز کی نصف سنچری اننگز کی بدولت ہندستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہفتہ کو پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک دوسری اننگز میں تین وکٹ پر 185 رنز بنا کر 260 رنز کی مضبوط برتری حاصل کر لی۔دوسری اننگز میں ہندستان کے 81 رن پر تین وکٹ گرنے کے بعد ہندستانی اننگز کو ویراٹ اور رہانے نے سنبھالا۔ دونوں نے انتہائی متوازن اننگز کھیلتے ہوئے ہندستانی اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھے وکٹ کیلئے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 104 رنز کی شراکت کرلی ہے ۔پہلی اننگز میں شاندار 81 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلنے والے رہانے نے دوسری اننگز میں بھی اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے 140 گیندوں میں تین چوکے کے سہارے ناٹ آؤٹ 53 رنز اور کپتان ویراٹ نے ناٹ آؤٹ 51 رن کی اننگز میں دو چوکے لگائے اور ٹیم کو مضبوط برتری دلائی۔اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 222 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دوسری اننگز میں ایک بار پھر ہندستان کی سلامی جوڑی بڑی ساجھیداری کرنے میں ناکام رہی۔ ہندستان نے اوپنر مینک اگروال کی شکل میں محض 30 رن کے اندر اندر اپنا پہلا وکٹ گنوایا۔ مینک نے دوسری اننگز میں 16 رنز بنائے ۔ مینک کے آؤٹ ہونے کے بعد لوکیش راہول کو روسٹن چیز نے بولڈ کر پویلین بھیجا۔ راہول نے چار چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے ۔ چتیشور پجارا بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور کیمار روچ نے 25 رن کے اسکور پر انہیں بولڈ کر دیا۔ تین وکٹ جلدی گرنے کے بعد ہندوستانی اننگز میں ویراٹ اور رہانے نے سنبھالا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے چیز نے 69 رن دیکر دو اور روچ نے 18 رن دیکرایک وکٹ لیا۔