نئی دہلی۔ ہاکی انڈیا نے چہارشنبہ کو ہندوستان کے سابق کھلاڑی دھرم ویر سنگھ اور ہندوستانی خواتین کی ہاکی کھلاڑی دیپ گریس ایکا کو قومی ایوارڈز کے لیے نامزد کیے جانے پر مبارکباد دی جو 30 نومبر کو راشٹرپتی بھون میں پیش کیے جائیں گے۔دھرم ویر سنگھ جو لندن اولمپکس 2012 کے لیے ہندوستانی مردوں کی ٹیم کا حصہ تھے اور ایشیائی کھیل 2014 میں گولڈ میڈل جیتا تھا، انھیں کارنامہ حیاتکے لیے دھیان چند ایوارڈ ملے گا۔ اپنے طویل کیریئر میں وہ اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے 2014 میں گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں سلور، رائے پور 2015 میں ہاکی ورلڈ لیگ کے فائنل میں برونز میڈلجیتا تھا اور اس کے علاوہ کئی دیگر اعزازات کے علاوہ 2010 کے ایشین گیمز میں برونز میڈل بھی ان کے نام ہے۔ ہندوستانی خواتین ٹیم کی تجربہ کار ڈیفنڈر ڈیپ گریس ایکا کو باوقار ارجن ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اڈیشہ کے سندر گڑھ ضلع سے تعلق رکھنی والی 28 سالہ کھلاڑی نے پچھلی دہائی میں ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ ٹوکیو اولمپک گیمز2020 میں ہندوستانی ٹیم کے تاریخی چوتھے مقام کا حصہ تھیں، انہیں ایشین گیمز 2018 اور 2014 میں بالترتیب ایک سلور اور ایک برونز میڈل حاصل ہے۔