امراوتی 3 فبروری ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش حکومت نے آج وشاکھاپٹنم کے مضافات میں مدھور واڑہ کے مقام پر ملینیم ٹاور ( بی ) کی تعمیر کیلئے 19.73 کروڑ روپئے جاری کئے ۔ یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ریاستی سیکریٹریٹ کو جلد ہی وہاں مانتقل کردیا جائیگا ۔ ملینیم ٹاور ( اے ) پہلے ہی تعمیر کیا جاچکا ہے اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی کچھ کمپنیاں پہلے ہی وہاں کام کرنا شروع کرچکی ہیں۔ تاہم حکومت نے وشاکھاپٹنم کو ریاست کا عاملہ دارالحکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس لئے خانگی آئی ٹی فرمس کو یہ احاطہ خالی کرنے کو کہا جا رہا ہے تاکہ سیکریٹریٹ کے محکمہ جات کو وہاں منتقل کیا جاسکے ۔ گذشتہ کچھ برسوں سے ملینیم ٹاور بی کی تعمیر کا کام آگے نہیں بڑھ سکا تھا کیونکہ آئی ٹی فرمس نے اس تعلق سے زیادہ دلچسپی نہیں دکھائی تھی ۔ تاہم اب جبکہ وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت نے ریاستی سیکریٹریٹ کے دفاتر کو وشاکھاپٹنم منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تو انفارمیشن ٹکنالوجی ‘ الیکٹرانک و مواصلات کے محکمہ نے 19.73 کروڑ روپئے ملینیم ٹاور بی کی تعمیر کیلئے جاری کرنے کے احکام جاری کردئے ہیں۔