لندن ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے طلباء جن میں اکثریت ہندوستانی طلباء کی ہے جو انگریزی زبان کے ٹسٹ کو لازمی قرار دینے والے ویزا تنازعہ کا شکار ہیں، نے جمعرات کے روز برطانیہ کے وزیرداخلہ ساجد جاوید سے اپیل کی اس تنازعہ کی یکسوئی کیلئے موصوف آگے آئیں۔ طلباء کا دعویٰ ہیکہ ان پر انگریزی ٹسٹ میں نقل نویسی اور بے ایمانی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جو درست نہیں ہے۔ ٹسٹ آف انگلش فار انٹرنیشنل کمیونکیشن (TOEIC) میں طلباء پر نقل نویسی اور بے ایمانی کا الزام عائد کیا گیا ہے جو طلباء کیلئے جاری کئے جانے والے ویزوں کا ایک لازمی جزو ہے جس کا سلسلہ گذشتہ پانچ سالوں سے شروع کیا گیا ہے۔ طلباء نے اس موقع پر ساجد جاوید کو ایک مکتوب حوالے کرتے ہوئے استدلال پیش کیا کہ انہیں (طلباء) انگریزی ٹسٹنگ میں نقل نویسی کا الزام عائد کرتے ہوئے ویزے کیلئے نااہل قرار دیئے جانے کی سازش رچی جارہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہیکہ ہم سب (طلباء) بے قصور ہیں۔
