پونے۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹر حکومت نے گزشتہ ماہ دلی میں تبلیغی جماعت کے پروگرام میں شامل ہونے والے 156 غیر ملکی شہریوں کے خلاف ویزا ضابطے کی خلاف ورزی کرنے کا معاملہ درج کیا ہے ۔ ریاستی وزارت داخلہ نے پیر کو یہ اطلاع دی۔وزارت کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘‘پولیس نے 156 غیر ملکی شہریوں کے خلاف ویزا کی خلاف ورزی کا معاملہ درج کیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان سبھی غیر ملکی شہریوں کو ہندوستان کے لئے ایک سیاحتی ویزا دی گئی تھی لیکن ان لوگوں نے گزشتہ مہینے دہلی میں تبلیغی جماعت کے مرکز جاکر ان معیارات کی خلاف ورزی کی تھی۔یہ غیر ملکی جن 18 ممالک سے آئے تھے ان میں انڈونیشیا 37، کرغزستان 19، میانمار 18، بنگلہ دیش 13، تنزانیہ 11، فلپائن 10، قازقستان اور آئیوری کوسٹ 99 ، ملیشیا 8، ٹونگو 6، جبوتی 5، برونئی 4، روس اور امریکہ کے دو دو شہری شامل ہیں۔ وہیں بینن، ایران، گھانا اور جنوبی افریقہ سے ایک ایک غیر ملکی شہری نے اس انعقاد میں شرکت کی تھی۔ممبئی، تھانے ، نوی ممبئی، امراوتی، نانڈیڑ، ناگپور، پنے ، احمد نگر، چندر پور اور گڑچرولی نے 15 معاملے درج کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ وقت میں سبھی کو کورنٹائن میں رکھا گیا ہے ۔