ویزا مسائل کا شکار نوجوان اسپنر شعیب بشیر پہلے ٹسٹ سے باہر

   

حیدرآباد ۔ ہندوستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ ٹسٹ اسکواڈ میں شامل پاکستانی نژاد انگلش کرکٹر شعیب بشیر ویزا نہ ملنے کے باعث اب تک ہندوستان نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے انہیں پہلے ٹسٹ سے باہر کردیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انگلینڈ ٹسٹ اسکواڈ ہندوستان پہنچ چکا ہے جبکہ شعیب بشیر واپس انگلینڈ روانہ ہوگئے ہیں اور25 جنوری کو حیدرآباد میں شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ سے ویزے میں تاخیر کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ پہلی بار آف اسپنر کے طور پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم میں شامل 20 سالہ شعیب بشیر کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے، ویزا ملنے میں تاخیر کا سامنا کرنے والے یہ پہلے پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر نہیں ہیں۔ ماضی میں معین علی اور ثاقب محمود کو بھی ہندوستان کا دورہ کرنے پر انہی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس کے علاوہ آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کو بھی گزشتہ سال ہندوستان میں ٹسٹ سیریز کے دورے کے دوران ویزا ملنے میں تاخیرکا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 5 میچز کی سیریز سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے شعیب بشیرکا ویزا نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ بحیثیت کپتان بہت مایوسی ہوئی کہ ہم نے جس کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا وہ صرف ویزاکے مسائل کی وجہ سے ہمارے ساتھ نہیں ہیں۔ انگلینڈ کے کپتان نے کہا کہ ہم نے دسمبر میں اسکواڈ کا اعلان کیا تھا اور اب بشیرکو ویزا کے مسائل کا سامنا ہے، شعیب بشیرکا انگلینڈ ٹسٹ ٹیم کے ساتھ پہلا دورہ ہے اور میں نہیں چاہتا انہیں اپنے دورے میں ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے۔ بین اسٹوکس نے کہا کہ شعیب پہلے کرکٹڑ نہیں ہیں جنہیں ان مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہو، میں دیگر کئی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکا ہوں جنہیں ایسے ہی مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔ دوسری جانب شعیب بشیرکو ہندوستان کی جانب سے ویزا جاری نہ کرنے پر بی بی سی اسپورٹس کے کمنٹیٹر نے ایکس پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے حکومت پر سخت تنقید کی ۔