ویسٹ انڈیزٹیم میں گیل اور رسل کی واپسی،پولارڈ باہر

   

جمائیکا ۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے اپنے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں کیرون پولارڈ اور سنیل نارائن جگہ نہ بنا سکے۔ ورلڈکپ کے لیے ویسٹ انڈین کے اعلان کردہ اسکواڈ میں کرس گیل جگہ بنانے میں کامیاب رہے جو اس ایونٹ کے بعد ونڈے کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا اشارہ دے چکے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ میں سب سے حیران کن شمولیت آندرے رسل کی ہے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے جاری مسائل کے سبب اپنا آخری ونڈے میچ 2016 میں کھیلا تھا لیکن موجودہ شاندار فارم کو دیکھتے ہوئے انہیں ورلڈ کپ کے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔کیرون پولارڈ اور مارلن سیمیولز دونوں ہی اسکواڈ میں شامل نہ ہو سکے جبکہ سنیل نارائن انگلی کے زخم کے سبب ایونٹ میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی سے محروم رہ گئے۔ ویسٹ انڈیز نے جیسن ہولڈر کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے جبکہ اسکواڈ میں کیمروچ، ایون لوئس اور شینن گیبریئل بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ ورلڈ کپ کے لیے ویسٹ انڈیز اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔جیسن ہولڈر(کپتان)، ڈیرن براوو، کارلوس بریتھ ویٹ، شیلڈن کوٹریل، شینن گیبریئل، کرس گیل، شیمرون ہٹمائر، فیبیئن ایلن، شائی ہوپ، ایون لوئس، ایشلے نرس، نکولس پوران، کیمروچ، آندرے رسل اوراوشین تھامس۔