سینٹ جانز (اینٹیگا)، 3 اکتوبر (آئی اے این ایس) کرکٹ اسٹریٹجی اور آفیشیٹنگ کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے فوری اور طویل مدتی اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔ یہ اجلاس جولائی میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری ٹسٹ میں تاریخی شکست کے بعد اگست میں بلایا گیا تھا۔ اجلاس میں لیجنڈز برائن لارا اور سر کلائیو لائیڈ، کپتان شائی ہوپ اور روسٹن چیس، ہیڈ کوچ اور ٹیم مینجمنٹ سمیت سابق کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ کمیٹی نے ویسٹ انڈیزکرکٹ کو متاثر کرنے والے دس اہم چیلنجز کی نشاندہی کی، جن میں علاقائی ٹورنمنٹس کی معیار میں کمی، ٹیکنیکل اور ذہنی مہارتوں کی کمی، فٹنس اور انفراسٹرکچر کے مسائل شامل ہیں۔ مختصر مدتی اقدامات میں بین الاقوامی معیارکے بیٹنگ کوچ کی خدمات حاصل کرنا، سینئر مرد ٹیم کے لیے فل ٹائم اسپورٹس سائیکولوجسٹ/پرفارمنس کوچ کی تعیناتی، خواتین ٹیم کے لیے فل ٹائم کردار، کولڈج کرکٹ گراؤنڈ پر جدید سہولیات اور کھلاڑیوں کی فٹنس کا مسلسل ریکارڈ شامل ہیں۔ طویل مدتی منصوبوں میں نیشنل کرکٹ ڈیولپمنٹ فریم ورک، 11۔18 سال کے لیے معیاری اکیڈمیاں، ہائی پرفارمنس سینٹر اینٹیگا میں مکمل کرنا، مالی استحکام کے لیے اقدامات اور موجودہ و سابق ویسٹ انڈیزکھلاڑیوں کے ساتھ نوجوان ٹیلنٹ کے لیے مینٹورشپ پروگرام شامل ہیں۔ ویسٹ کرکٹ کے ڈائریکٹر مائلز باسکومب نے کہا یہ اصلاحات کرکٹ کے نظام کو مضبوط بنانے، معیار بلند کرنے اور نئے کھلاڑیوں کو ضروری وسائل، سہولیات اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدام ہیں۔