ویسٹ انڈیزکو حیران کن شکست ،نیپال نے سیریز جیت لی

   

آصف شیخ مین آف دی میچ

شارجہ30 ستمبر(یو این آئی ) دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیپال نے ویسٹ انڈیزکو90 رنز سے شکست دیکر بین الاقوامی کرکٹ کا سب سے بڑا اور حیران کن نتیجہ فراہم کیا ہے اور3 میچوں کی سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔ شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں6 وکٹ پر173رنز بنائے ۔ نیپال کی جانب سے آصف شیخ نے چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے68 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ ان کے علاوہ سندیپ جورا نے63 رنز3 چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے بنائے ۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین اورکائل میئرز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم صرف83 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔نیپال کی جانب سے محمد عادل عالم نے24 رنزکے عوض4 اور خوشحال بھورتل نے16 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ نیپال کی ٹیم نے نہ صرف ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے بلکہ آئی سی سی کے فل ممبر کی ٹیم کے خلاف پہلی مرتبہ سیریز جیتنے میں بھی کامیاب ہوئی ہے ۔آصف شیخ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔اس کامیابی کے بعد نیپال ٹیم کی ہر گوشے سے تعریف ہورہی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ ٹیم ان فتوحات کا جاری رکھے گی۔