ویسٹ انڈیز دورہ پاکستان کیلئے پرعزم:جانی گریو

   

جمائیکا ۔نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد دیگر ٹیموں کے طے شدہ دوروں پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔تاہم کرکٹ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ایک مثبت پیغام دیا ہے کہ اس کی ٹیم فی الحال دورے کے لیے پْرعزم ہے۔کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو جانی گریو نے کہا ہے کہ وہ اس سال دسمبر میں طے شدہ دورہ پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ رابطے میں ہے، فی الحال ویسٹ انڈیز دورہ پاکستان کے لیے پْرعزم ہے، دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ پاکستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔سی ڈبلیو آئی کے چیف ایگزیکٹو جانی گریو نے کہا ہے کہ ان کی پاکستانی ہم منصب وسیم خان سے بات ہوئی ہے اور ان سے تمام معاملات پر تفصیلات حاصل کی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایک اور اجلاس اس ہفتے کے آخر میں ہوگا جس میں ویسٹ انڈیز ٹیم کے دورے کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ویسٹ انڈیز کا موقف ہے کہ وہ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کریں گے، آزاد سیکیورٹی ماہرین سے بھی رائے لیں گے، کھلاڑیوں کی بھی سنیں گے۔دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ دورہ پاکستان پر معاملات پر نظریں مرکوز کرچکے ہیں، تمام تفصیلات موصول ہونے کے بعد متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کو دسمبر اور آسٹریلیاکو اگلے سال فروری میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔