جمائیکا ۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کا قہر پوری دنیا میں برپا ہے۔ تقریبا ہر ملک میں اسکول ، کالج اور دفاتر بند ہیں۔ یہی نہیں سبھی کھیل مقابلوں کو بھی ملتوی کردیاگیا ہے۔ حالانکہ ایک ملک ایسا بھی تھا ، جہاں اتنے سنگین حالات کے باوجود کرکٹ کھیلی جارہی تھی۔ ویسٹ انڈیز میں چار روزہ ویسٹ انڈیز چمپئن شپ جاری تھی۔ جنوری میں شروع ہوئی یہ چمپئن شپ پورے آٹھ ہفتوں تک چلی لیکن اس کو اب درمیان میں ہی روک دیا گیا ہے۔ پوری دنیا میں 19 ہزار سے زیادہ لوگوں کی جان لے چکا کورونا وائرس اب بھیانک شکل اختیارکرچکا ہے اورامریکہ میں بھی اس کا برا اثر پڑ رہا ہے ، جس کے بعد ویسٹ انڈیز بورڈ نے ویسٹ انڈیز چمپئن شپ کو درمیان میں ہی روک دیا اور پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر موجود بارباڈوس کی ٹیم کو فاتح قرار دیا ہے۔بارباڈوس نے اپنے 8 میں سے چھ میچ جیتے تھے جبکہ ٹرینداد ٹوبیگو ، گیانا اور جمیکا کو 8 میچوں میں تین فتوحات ملی تھیں۔ ونڈوائڈرس نے دو اور لیوارڈس کی ٹیم صرف ایک میچ جیت سکی تھی۔اب چونکہ کورونا وائرس کے پھیلنے میں تیزی آچکی ہے تو اس کے پیش نظر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے اپنے کئی ٹورنمنٹس کومنسوخ یا ملتوی کردیا ہے۔ وومینس سوپر50 کپ ملتوی کردیا گیا ہے۔ انڈر 19 ریجنل وومینس ٹی 20 چمپئن شپ بھی ملتوی کردی گئی ہے۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ پوری طرح ٹھپ ہوگئی ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ونڈے سیریز ملتوی ہوگئی تو وہیں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی سیریزکا بھی یہی حال ہوا۔ انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا چھوڑکر وطن لوٹ گئی۔ آئی پی ایل کو ٹال دیا گیا ہے اور اس کے جلد ہی منسوخ ہونے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ یہاں تک کہ اکتوبر میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ پر بھی خطرات کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔