ویسٹ انڈیز ناقابلِ شکست رہتے ہوئے سوپر 8 مرحلے میں داخل

   

کولکاتا، 19 فروری (آئی اے این ایس) دو بارکی عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے شاندارکارکردگی دکھاتے ہوئے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اٹلی کو42 رنز سے شکست دے کر گروپ مرحلے میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے سوپر8 مرحلے میں جگہ بنا لی۔ یہ میچ کولکاتا کے تاریخی میدان ایڈن گارڈنز میں کھیلا گیا۔ ویسٹ انڈیزکے فاسٹ بولر شمار جوزف نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ میتھیو فورڈ نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے اور اٹلی کی ٹیم کو 18 اوورز میں 123 رنز پر ڈھیرکردیا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے 165 رنزکا ہدف دیا تھا۔ ویسٹ انڈیزکی بیٹنگ میں ٹیم کے کپتان شائے ہوپ نے شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے75 رنز کی عمدہ اننگزکھیل کر ٹیم کو 20 اوورز میں 165/6 تک پہنچایا۔ ہدف کے تعاقب میں اٹلی کا آغازمایوس کن رہا اور جسٹن موسکا ساتویں گیند پر صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اگلے اوور میں انتھونی موسکا بھی 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاور پلے کے اختتام پر اٹلی کا اسکور37/3 تھا۔بعد ازاں جے جے اسمتس اور ہیری مینینتی نے کچھ مزاحمت کی، مگر ہیری 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹیم 61/4 پر مشکلات کا شکار ہوگئی۔ اسمتس نے بین مینینتی کے ساتھ اننگز سنبھالنے کی کوشش کی مگر انہیں اسپنرگڈاکیش موٹی نے 24 رنز پر آؤٹ کردیا۔ بین مینینتی اورگرانٹ اسٹیورٹ نے 25 رنز کی شراکت قائم کی، مگر یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے اٹلی کی امیدیں ختم ہوگئیں۔ بین مینینتی نے 26 اور اسٹیورٹ نے 12 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمار جوزف سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 30 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میتھیو فورڈ نے 3، گڈاکیش موٹی نے 2 اور عقیل حسین نے ایک وکٹ لی۔اس سے پہلے ٹاس ہارکر بیٹنگ کرنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم کو ابتدا میں دھکا لگا جب اوپنر برینڈن کنگ ساتویں گیند پر آؤٹ ہوئے۔ شمرون ہیٹمائر بھی صرف ایک رن بنا سکے اور پاور پلے کے اختتام پر اسکور 48/2 تھا۔اس کے بعد کپتان شائے ہوپ نے روسٹن چیزکے ساتھ 64 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ چیز 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ہوپ نے 46 گیندوں پر 75 رنز بنائے جس میں چار چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔بعد ازاں روومین پاول اور ہوپ یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوئے، مگر آخر میں شیرفین ردرفورڈ (24 ناٹ آؤٹ) اور میتھیو فورڈ (16) نے 14 گیندوں پر 28 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔اس کامیابی کے بعد ویسٹ انڈیزسوپر 8 میں ہندوستان کے ساتھ شامل ہے اور عالمی چمپئن کا سامنا کرے گی ۔