نارتھ پوائنٹ : ایوین لوئس اور شئی ہوپ کے درمیان افتتاحی رفاقت میں 192 رنز اور نیکولس پورن کی جانب سے تحمل سے کھیلی گئی اننگز نے ویسٹ انڈیز کو سری لنکا کے مقابل دوسرے ونڈے انٹرنیشنل میں بھی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ تین میچ کی سیریز میں میزبانوں کو 2-0 کی سبقت مل چکی ہے۔ پانچ وکٹ کی جیت میں لوئس نے 103 اور ہوپ نے 84 اسکور کئے جو مضبوط بنیاد ثابت ہوئی اور میڈل آرڈر میں کچھ ناکامی کے باوجود ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے 273/8 کو دو گیندیں باقی رکھتے ہوئے شکست دے دی۔ قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور نویں اوور میں 50/3 تک گھٹ جانے کے باوجود مہمانوں نے قابل لحاظ اسکور کھڑا کیا۔ دانوشکا گناتھیلاکا نے 96 گیندوں میں 96 رنز بنائے جس کے بل بوتے پر سری لنکا اننگز کی بحالی ہوئی۔ تاہم، مہمان بولرز اپنے اسکور کا دفاع نہیں کرپائے۔ قطعی او ڈی آئی اتوار کو اسی مقام پر ہوگا۔