ویسٹ انڈیز کرکٹر کی والدہ کی ویراٹ کوہلی سے جذباتی ملاقات

   

دوسرے ٹسٹ میں مہمان ٹیم کیخلاف سنچری اسکور کرکے ویراٹ نے مداحوں کو خوش کردیا

پورٹ آف اسپین :ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بیٹر جوشوا ڈی سلوا کی والدہ انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی سے ملاقات کے بعد اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور رو پڑیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ویسٹ انڈین کیپر بیٹر جوشوا ڈی سلوا کی والدہ ویراٹ کوہلی کو گلے لگا رہی ہیں اور اس موقع پر خاتون جذباتی ہوگئیں۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون پہلے ویراٹ سے ملتی ہیں اور پھر انہیں گلے لگاکر بوسہ دیتی ہیں، اس دوران انڈین کرکٹر کے چہرے پر مسکراہٹ تھی۔وکٹ کیپر کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویراٹ کوہلی دور حاضر کے شاندار کرکٹر ہیں، ان کو اپنے بیٹے کے ساتھ کھیلتے دیکھنا اور ملنا میرے لیے اعزاز ہے۔اس سے قبل ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے دوران ویسٹ انڈیز کے کیپر نے ویراٹ کوہلی سے بات کی تھی۔اس گفتگو میں وکٹ کیپر نے کوہلی سے کہا کہ میری والدہ آپ کی بہت بڑی پرستار ہیں اور وہ صرف انہیں کھیلتے ہوئے دیکھنے یہاں آئی ہیں۔بی سی سی آئی کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں اس خاص ملاقات سے متعلق جوشوا ڈی سلوا نے بات کی، انہوں نے کہا کہ میری والدہ نے مجھے ٹیسٹ شروع ہونے سے قبل کہا تھا کہ وہ کوہلی سے ملنے آئیں گی۔ڈی سلوا کے مطابق انہیں اس بات پر بالکل یقین نہیں آیا کہ ان کی والدہ کسی اور کھلاڑی کے لیے اسٹیڈیم جائیں گی، جب کہ ان کا خود کا بیٹا بھی یہ ہی میچ کھیل رہا ہے، لیکن ایسا ہوا۔وکٹ کیپر کے مطابق یہ قدرے مضحکہ خیز بات تھی، لیکن خیر میں خوش ہوں کہ والدہ کی خواہش پوری ہوگئی۔ٹیم انڈیا کے تجربہ کار بلے باز ویراٹ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار سنچری بنائی ہے۔ 121رنز کی اس سنچری کے ساتھ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر جوشوا ڈا سلوا کی ماں کو خوش کر دیا ہے۔ ویراٹ کی سنچری کے وقت جوشوا کی ماں کی آنکھوں سے آنسو نکل پڑے۔ یہ بہت جذباتی لمحہ تھا۔