ویسٹ انڈیز کو مظاہروں میں بہتری پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے : لارا

   

ممبئی ۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم بیٹسمین برائن لارا نے ہندوستان کے خلاف کھیلی جانے والی رواں تین مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا ہیکہ ویسٹ انڈیز کو ہندوستانی ٹیم کا معیار جانتے ہوئے اس کے خلاف اپنے مظاہروں کو بہتر کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اس وقت ہندوستان کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی سیریز کھیل رہی ہے جس کا حیدرآباد میں آغاز ہوا ہے۔ اس ضمن میں لارا نے کہا ہیکہ کیرن پولارڈ کی زیرقیادت ویسٹ انڈیز ٹیم ایک سخت ترین حریف کے خلاف میدان سنبھال رہی ہے اور اسے کامیابی سے زیادہ اپنے مظاہروں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ لارا نے قیادت کیلئے پولارڈ کے انتخاب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پولارڈ کپتانی کیلئے صحیح فیصلہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولارڈ نے بھلے ہی گذشتہ برسوں کے دوران ویسٹ انڈیز کی زیادہ نمائندگی نہیں کی ہے لیکن دنیا بھر کی لیگس میں شرکت کرتے ہوئے انہوں نے نہ صرف اپنے کرکٹ کے تسلسل کو برقرار رکھا بلکہ بہتر مظاہرے بھی کئے ہیں۔ لارا کے بموجب ویسٹ انڈیز کی ٹیم دو مرتبہ کی ٹوئنٹی 20 چمپئن ہے اور دنیا بھر کی ٹیمیں مختصر طرز کی کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کی صلاحیتوں اور جارحانہ کھیل سے خائف رہتی ہیں۔