لکھنؤ ۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پہلے ونڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو سات وکٹوں سے شکست کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی جس کیلئے روسٹن چیز مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ شائی ہوپ نے بھی ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔ ٹاس میں کامیابی کے بعد ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ابتدائی دو وکٹیں 15رنز پرگنوانے کے بعد رحمت شاہ اور اکرام علی خیل نے صورتحال کو تیسری وکٹ پر 111 رنز کی شراکت قائم کر کے بہتر بنایا۔ اکرام علی خیل نے 58 رنز میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ رحمت شاہ نے بھی چھ چوکوں اور ایک چھکے سمیت 61 رنز بنا کر اسکور 126 تک پہنچا دیا تھا لیکن ان کی پویلین واپسی کے بعد اصغر افغان 35 اور گلبدین نائب ہی 17رنز بنا سکے اور پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 194 رنز تک محدود ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر،روماریو شیپرڈ اور روسٹن چیس نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کی جوابی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا جب ایون لوئس سات اور شمرون ہٹ میئر محض تین رنز بناکر آوٹ ہوئے تاہم اوپنر شائی ہوپ نے روسٹن چیس کے ساتھ 163 رنز کی فتح گر شراکت قائم کرکے کامیابی کی راہیں ہموار کی۔ مین آف دی میچ کا ایوارڈ لینے والے روسٹن چیس گیارہ چوکوں کی مدد سے 94 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے لیکن پانچ چوکوں سمیت ناقابل شکست 77 رنز بنا کر شائی ہوپ نے کامیابی ممکن بنا دی۔افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمن ہی دو وکٹیں لے سکے۔