ویسٹ انڈیز کیخلاف ہندوستان کا آج پرفیکٹ10کیلئے مقابلہ

   

ہند۔ ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ونڈے میچز کی سیریز کا آج پہلا میچ چینائی میں کھیلا جائیگا، کامیابی کیلے دونوںٹیمیں پرعزم

چینائی۔ 14 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل اتوار کو چنائی میں کھیلا جائے گا۔شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 18 دسمبر کو وشاکھا پٹنم میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور ٓآخری ون ڈے میچ 22 دسمبر کو کٹک میں کھیلا جائے گا۔ تین ون ڈے میچز کی سیریز میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کرینگے جبکہ ویسٹ انڈیز ٹیم مایہ ناز ٓآل رائونڈر کیرون پولارڈ کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔راٹ کوہلی کی کپتانی والی ٹیم انڈیا اتوار سے ویسٹ انڈیز کی خلاف یہاں پہلے ون ڈے سے شروع ہو رہی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں مہمان ٹیم کے خلاف مسلسل 10 ویں دو طرفہ سیریز جیتنے کے مضبوط ارادوں کے ساتھ اترے گی۔سیریز کا پہلا میچ یہاں ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم ویسٹ انڈیز سے ٹی۔20 سیریز 2۔1 سے جیت کر اس مقابلے میں اتر رہی ہے ، اگرچہ اس مقابلے پر بارش کا خطرہ منڈلا رہا ہے کیونکہ گزشتہ دو دنوں سے شہر میں بھاری بارش ہو رہی ہے ۔وراٹ کی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے پلٹ وار سے محتاط رہنا ہوگا جس نے ٹی ۔20 سیریز کا دوسرا میچ آسانی سے آٹھ وکٹ سے جیتا تھا۔ ہندوستانی ٹیم سیریز میں مضبوط دعویدار کے طور پر اترے گی جبکہ مہمان ٹیم ٹی ۔20 سیریز کے دوسرے میچ میں ملی جیت سے سبق لیکر ہندوستان کے سامنے چیلنج پیش کرنا چاہے گی۔ہندوستان کو سیریز سے قبل کی شام ، سوئنگ گیند باز بھونیشور کمار کے دائیں گروئن میں چوٹ کی وجہ سے سیریز سے باہر ہونے کا گہرا جھٹکا لگا ہے ۔ بھونیشور کی جگہ تیز گیند باز شاردل ٹھاکر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ٹیم انڈیا اس وقت بیٹنگ کے لحاظ سے شاندار فارم میں ہے ۔ کپتان وراٹ کوہلی جم کر رن بنا رہے ہیں جبکہ اوپننگ میں لوکیش راہل کا رن حاصل کرنا ہندوستان کے لئے اچھے اشارے ہیں۔ ممبئی میں آخری ٹی ۔20 میں اوپنروں روہت شرما اور لوکیش راہل اور کپتان وراٹ کوہلی نے منفرد ریکارڈ بنایا تھا۔ اس مقابلے میں روہت نے 71، راہل نے 91 اور وراٹ نے ناٹ آؤٹ 70 رن بنائے تھے اور سبھی طرح کے ٹی۔ 20 مقابلوں میں یہ پہلا موقع تھا جب تین بلے بازوں نے میچ میں 70 سے زائد کا اسکور بنایا تھا۔راہل کی فارم سے ہندوستان کو شکھر دھون کی کمی محسوس نہیں ہو رہی ہے جو گھٹنے کی چوٹ کے سبب اس سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ روہت اور راہل اننگ کی شروعات کریں گے جس کے بعد وراٹ اور چوتھے اہم نمبر پر شریئس ایر اتریں گے ۔ اس کے بعد آل راؤنڈر شیوم اور تنقید کا سامنا کر رہے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت اتریں گے ۔یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ پارٹ ٹائم آف اسپن کرنے والے کیدار جادھو کو موقع ملتا ہے یا پھر گھریلو کرکٹ میں کافی سارے رن بنانے والے مینک اگروال کو موقع دیا جاتا ہے ۔ مینک کو ٹیم میں زخمی شکھر کی جگہ شامل کیا گیا ہے ۔منیش پانڈے بھی آخری الیون میں مقام حاصل کرنے کے دعویدار ہیں۔محمد سمیع اور دیپک چاھر نئی گیند سے آغاز کر سکتے ہیں جبکہ اسپن کا دار و مدار کلائی کے اسپنروں یجویندر چہل اور کلدیپ یادو اور لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ کے کندھوں پر رہے گا۔