اینٹیگا : میزبان ویسٹ انڈیز کی دو کرکٹرس پاکستان کے خلاف دوسرے T-20 انٹرنیشنل کے دوران میدان پر کمزوری و نقاہت کے سبب گر پڑیں ۔ اس واقعہ سے ڈنمارک کے فٹبالر کرسچن ایرکسن کا یورو کپ میں میدان پر گرپڑنا یاد آگیا ۔ پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں جب کہ میزبان ٹیم اپنے اسکور کا دفاع کررہی تھیں ، اس کی دو کھلاڑیاں چنلی ہنری اور چیڈین نیشن 10 منٹ کے وقفہ میں میدان پر گر گئیں ۔ پہلے ہنری گر گئی جس پر ان کی تمام ساتھیاں ان کے پاس دوڑ کر جمع ہوگئیں ۔ ہنری کو دواخانہ لیجایا گیا ۔ پھر کھیل دوبارہ شروع ہوا اور چیڈین فیلڈنگ کرتے ہوئے گر گئی ۔ اسے بھی دواخانہ لے جانا پڑا ۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز نے بتایا کہ دونوں کرکٹرس اب ہوش میں اور مستحکم ہے ۔ جہاں تک میچ کا سوال ہے میزبان ٹیم نے اپنے اسکور 125/6 کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے پاکستان کو 103/6 تک محدود رکھا ۔